لاہور/ اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے/نیوز رپورٹر/وقائع نگار خصوصی) مقامی عدالت نے نیب آفس کے باہر ہنگامہ آرائی کرنے کے الزام میں مسلم لیگ ن کے گرفتار تمام کارکنوں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور ان کی ضمانت پر رہائی کیلئے درخواستوں پر آج بروز جمعرات کیلئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ پولیس نے گرفتار مسلم لیگ ن کے 58 کارکنوں کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔ گرفتار ملزموں میں سابق رکن اسمبلی اور ٹک ٹاک سٹار بھی شامل ہیں۔ عدالت کے روبرو پولیس نے ملزموں سے تفتیش کیلئے ان کا جسمانی ریمانڈ دینے کی درخواست کی جبکہ ملزموں کے وکلاء نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے اسے بلاجواز قرار دیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ملزموں کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ذوالفقار باری نے دلائل سننے کے بعد جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کر دی اور تمام ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزموں کی رہائی کیلئے ضمانت کی درخواستوں پر نوٹس جاری کر دیے۔ملزمان کے خلاف روڈ بلاک کرنے سمیت آٹھ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کے دفتر میں ہنگامہ آرائی کے خلاف تھانہ چوہنگ میں دو مقدمات درج کیے گئے ہیں جن میں مسلم لیگ کی مرکزی رہنما مریم نواز سمیت دیگر اہم سیاسی شخصیات کو نامزد کیا گیا ہے۔ مریم نواز کی نیب آمد کے موقع پر ہونے والی ہنگامہ آرائی کی رپورٹ حکومت کو بھجوادی گئی ہے جس کے مطابق لیگی کارکنوں کا پولیس سے تصادم منصوبہ بندی کے تحت تھا اور لیگی کارکن اپنے ساتھ گاڑیوں میں شاپنگ بیگز میں پتھر لے کر آئے تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مریم نواز کی نیب پیشی کے موقعے پر 20 ارکان صوبائی اسمبلی اور 7 ارکان قومی اسمبلی نیب آفس پہنچے۔ اراکین اسمبلی کے علاوہ درجنوں لیگی چیئرمین، وائس چیئرمین اور کارکن نیب کے دفتر پہنچے۔ لیگی رہنما رانا ثناء اللہ، طلال چوہدری، مصدق ملک، کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر بھی موقع پر موجود تھے۔ رپورٹ میں مریم نواز سمیت لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف نیب اور پولیس کی مدعیت میں الگ الگ دو مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ شہباز شریف نے مریم نواز شریف کی نیب پیشی کے موقع پر گرفتار ہونیوالے ن لیگی کارکنان کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کرنے پر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سیاست کو ذاتی انتقام میں بدل رہی ہے جو افسوسناک ہے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگی کارکنان کو تشدد کا نشانہ بناکراور پھر انہی کو ہتھکڑیاں لگانا حکمرانوں کی فسطائی اور انتقامی سوچ کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے کارکنان کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، کارکنوں کے بلند حوصلوں، عزم اور ہمت پر فخر ہے۔ سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔ مسلم لیگ (ن) کے جواں ہمتوں نے عوام دشمن حکومت کو خوفزدہ کر دیا ہے۔ انشاء اللہ جلد ناحق گرفتار کارکنان رہا ہوں گے، وکلاء ان کے قانونی حق کیلئے کوشاں ہیں۔
لیگی کارکن ہتھکڑیوں میں پیش،14روزہ جوڈیشل ریمانڈ، نواز شریف کا مشن جاری رکھیں گے:شہباز
Aug 13, 2020