کراچی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم کے فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ ، یاسر شاہ کو نازیبا الفاظ بولنے پر سزا سنانے والے اپنے والد اور میچ ریفری کرس براڈ سے ناراض ہوگئے اور انہیں کرسمس کارڈ کی فہرست سے بھی خارج کر دیا ہے۔مانچسٹر ٹیسٹ میں یاسر شاہ کو آؤٹ کر کے اسٹیورٹ براڈ نے جملہ کسا تھا جس پر میچ کے بعد آئی سی سی ریفری کرس براڈ نے اپنے بیٹے اسٹیورٹ کو قصور وار قرار دیتے ہوئے نہ صرف 15 فیصد میچ فیس جرمانہ کیا بلکہ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی ایوارڈ کیا۔والد کی جانب سے دیا گیا ڈی میرٹ پوائنٹ 24 ماہ میں اسٹیورٹ کا تیسرا ڈی میرٹ پوائنٹ ہے، ایک اور غلطی انہیں ایک ٹیسٹ میچ سے باہر کردے گی۔اسٹیورٹ نے والد کی جانب سے دی گئی سزا پر ناراضی کا اظہار کیا اور اپنی ٹوئٹ میں انہیں اس فہرست سے خارج کردیا ہے جنہیں وہ کرسمس پر کارڈ اور تحفہ بھیجیں گے۔