پاکستان، انگلینڈ دوسرا ٹیسٹ ،سائوتھمپٹن میں آج طوفانی بارش کی پیشگوئی

ساوتھمپٹن (آئی این پی)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ (آج)جمعرات سے  سائوتھمپٹن میں کھیلا جائیگا ، انگلش ٹیم کو پاکستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل ہے،دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی سکواڈ میں شاداب  خان کی جگہ بلے باز فواد عالم کی شمولیت کا امکان ہے جبکہ ساوتھمپٹن ٹیسٹ میں پہلے روز ہی طوفانی بارش کا  امکان ہے اورہفتے کے سوا تمام دنوں میں موسم کی مداخلت جاری رہنے کا امکان ہے۔ قومی ٹیم ساتھمپٹن پہنچ گئی ،13سے 17اگست تک دوسرا ٹیسٹ میچ بمقام ایجز بال ساتھمپٹن میں کھیلا جائیگا ،21سے 25 اگست تک تیسرا ٹیسٹ میچ بمقام ایجز بال ساتھمپٹن میں کھیلا جائیگا ،26اگست کو ٹیم مانچسٹر روانہ ہوگی ،انگلینڈکیخلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم کی تیاریاں جاری ہیں۔ٹریننگ کے  دوسرے روزکھلاڑیوں نے بیٹنگ،بالنگ اور فیلڈنگ سیشنزمیں شرکت کی۔ایجز بال اسٹیڈیم ساتھمپٹن میں پاکستانی ٹیم نے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور دیگر کوچز کی نگرانی میں ٹریننگ کی۔پریکٹس سیشن میں مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم کو بھی بیٹنگ پریکٹس کرتے دیکھاگیاجس کے بعد امید کی جارہی ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں فوادکوموقع دیاجائیگا۔بیک وقت 4نیٹس میں پریکٹس کی گئی۔بیٹنگ کوچ یونس خان نے ٹاپ آرڈر پر خصوصی توجہ دی، انھوں نے پہلے میچ میں بڑی اننگز نہ کھیلنے والے عابد علی کو مشورے دیے، شان مسعود نے بھی نئی گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے طویل سیشن کیا،کپتان اظہر علی، اسد شفیق اور بابر اعظم نے پہلے پیسرز پھر اسپنرز کو کھیلتے ہوئے اپنی صلاحیتیں نکھارنے کی کوشش کی۔ پیسرز محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو بولنگ کوچ وقار یونس نے لائن اور لینتھ سے آگاہ کیا۔تینوں بولرز نے نئی اور پرانی گیند سے بہتر کارکردگی کیلیے تجربات کیے، اچھی کوشش پر کوچ سے داد بھی ملتی رہی، یاسر شاہ اور شاداب خان کے ساتھ فواد عالم اور شان مسعود نے بھی اسپن بولنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد نے دونوں لیگ اسپنرز کی گگلی بہتر بنانے پر کام کیا، ساوتھمپٹن میں سیاہ بادل گرین کیپس کا دل دہلانے لگے، پہلے روز ہی طوفانی بارش استقبال کرے گی جب کہ ہفتے کے سوا تمام دنوں میں موسم کی مداخلت جاری رہنے کا امکان ہے، میچ کے پہلے روز ہی طوفانی بارش کی پیشگوئی کردی گئی، دوسرے دن بھی بادلوں کے برسنے کا قوی امکان ہے، میچ کے اگلے تین دنوں میں ہفتے کے سوا رم جھم اور موسم کی مداخلت جاری رہے گی۔

ای پیپر دی نیشن