بائیو سیکیور کی خلاف ورزی، محمد حفیظ کو آئسولیشن میں بھیجنے کا فیصلہ

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کو خاتون کے ساتھ تصویر بنانا مہنگا پڑگیا اور وہ بائیو سیکیور پروٹوکول کی خلاف ورزی کی زد میں آگئے ہیں۔

دورہ انگلینڈ پر گئے محمد حفیظ ساؤتھمپٹن میں گالف کھیلنے گئے تھے جہاں نوے سالہ خاتون کے ساتھ تصویر بنوائی اور سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق بائیوسیکیور پروٹوکول کی خلاف ورزی پر محمد حفیظ کا کورونا ٹیسٹ کیلئے سیمپل لے لیا گیا ہے اور نتائج آنے تک قومی کرکٹر کو آئیسولیشن میں رکھا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے محمد حفیظ کے معاملے پر انگلش بورڈ سے رابطہ کرلیا ہے اور کہا ہے کہ گالف کورس بائیو سیکیور ببل کا حصہ ہے اور گراؤنڈ سے ہی ملحقہ ہے جبکہ یہاں کھلاڑیوں کے آنے جانے پر بھی کوئی پابندی نہیں، اگلے چند گھنٹوں میں حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان اور انگلینڈ کی سیریز بائیو سیکیور ماحول اور سخت حفاظتی پروٹوکول میں ہو رہی ہے اور ابھی سیریز کا ایک ٹیسٹ میچ کھیلا گیا ہے جبکہ دو ٹیسٹ میچز کے علاوہ تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز بھی باقی ہے۔

محمد حفیظ نے خاتون سے 2 میٹرکا فاصلہ نہ رکھ کرپروٹوکول کی خلاف ورزی کی ہے اور انگلینڈ نے اسی طرح کی خلاف ورزی پر اپنے کھلاڑی جوفرا آرچرڈ پر پابندی اور جرمانہ عائد کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن