انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ دنیا کا ہر ظلم کشمیریوں پر آزمایا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود وہ آزادی کیلئے ڈٹے ہوئے ہیں۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے یہ بات ایک پریس بریفنگ میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بریفنگ کا مقصد مجموعی صورتحال سے آگاہ کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ وہاں گزشتہ ایک سال سے کرفیو نافذ ہے۔ دنیا کا ہر ظلم کشمیریوں پر آزمایا جا رہا ہے۔ پیلٹ گنز کا استعمال معمول بن گیا ہے لیکن تمام مظالم کے باوجود کشمیری آزادی کیلئے ڈٹے ہوئے ہیں۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ حکومت نے ہر فورم پر کشمیر کے مسائل کو اجاگر کیا۔ ایک سال میں تین بار مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں زیر بحث آیا جبکہ عالمی میڈیا نے بھی مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم بے نقاب کئے۔