3 بڑی سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات کے نام پر سیاست کھیل رہی ہیں: سراج الحق 

Aug 13, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ تینوں بڑی سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات کے نام پر سیاست سیاست کھیل رہی ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ لولی لنگڑی جمہوریت اور الیکشن کے نام پر سلیکشن ان کے لیے زیادہ فائدہ مند ہے۔ گنے چنے خاندانوں اور افراد نے پورے نظام کو قابو کیا ہوا ہے۔ ملک کے نوجوان ایٹم بم سے بڑی قوت ہیں۔ ملک میں کارخانے لگتے تو دنیا میں صرف ایٹمی ہی نہیں اکنامک پاور بھی ہوتے۔ تینوں بڑی پارٹیوں نے نوجوانوں کو سبز باغ دکھا کر بعد میں وعدہ خلافی کی۔ وزیراعظم عمران خان نے پوری قوم کو دایاں دکھا کر بایاں دے مارا ہے۔ نوجوان مایوسی کی بجائے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کریں۔ قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ اقتدار میں آکر نظام کو اسلام کے تابع کریں گے۔ اسلام خواتین، اقلیتوں کے حقوق کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں انٹرنیشنل یوتھ ڈے پرنوجوانوں سے خطاب اور ورجینیا کے عیسائی مشنریز کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ عیسائی وفد کی سربراہی جون ایسٹریج کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنے مذہبی رہنماؤں کے جذبات امیر جماعت تک پہنچائے اور ملاقات کیلئے وقت پہ شکریہ ادا کیا۔ سراج الحق نے وفد کو بتایا کہ جماعت اسلامی اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت سے جڑی جمہوری قدروں پہ یقین رکھتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک ویلفئیر اسلامک سٹیٹ بنے۔ ہم اقلیتوں کی مکمل مذہبی آزادی پہ یقین رکھتے ہیں۔ قانون توہین رسالت سے متعلق ایک سوال پر امیر جماعت نے کہا کہ اس قانون میں نہ صرف مسلمانوں بلکہ عیسائیوں اور دیگر مذاہب کے مذہبی جذبات کا تحفظ ہے۔ امیرجماعت نے وفد کی جانب سے کم عمری میں شادی، مذہب کی جبری تبدیلی اور دیگر موضوعات پر سوالات کے بھی جواب دیے اور اس امر پر زور دیا کہ مختلف مذاہب کے درمیان گفتگو اور ڈائیلاگ سے بہت سی غلطیوں کا ازالہ ہوسکتا ہے۔ نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے واضح کیا کہ تبدیلی صرف اسی صورت آئے گی جب ملک کے نوجوان کرپٹ سسٹم کے خلاف بھرپور جمہوری اور پرامن جدوجہد کا آغاز کریں گے۔ 

مزیدخبریں