جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج تعینات کرنے پر غور

Aug 13, 2021

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج تعینات کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے جوڈیشل کمشن کا اہم اجلاس 9 ستمبر کو طلب کر لیا۔ جس میں لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ ملک کے نام پر غور کیا جائیگا۔ جسٹس عائشہ ملک کو جسٹس مشیر عالم کی خالی آسامی پر تعینات کرنے پر غور ہو گا۔ سپریم کورٹ کے جسٹس مشیر عالم 17 اگست کو عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمد علی شیخ نے سپریم کورٹ کا ایڈ ہاک جج بننے سے معذرت کرلی ہے۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمد علی شیخ نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا ہے۔ خط میں موقف اپنایا کہ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ اختلافی ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بروز منگل 10 اگست کو ہوا تھا۔ اجلاس میں کمیشن نے جسٹس احمد علی شیخ کی بطور ایڈہاک جج سپریم کورٹ تعیناتی کی منظوری دی تھی۔

مزیدخبریں