لاہور(آئی این پی ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ خوشحال پاکستان کیلئے مضبوط اور پر امن بلوچستان بھی ضروری ہے، بلوچستان میں امن و استحکام کیخلاف بھارتی سازشیں کامیاب نہیں ہونگیں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نواب شاہ زین بگٹی نے گورنر ہاوس میں چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت کے پاکستان دشمن ایجنڈے کو انشا اللہ ہر محاذ پر ناکام بنایا جائے گا، حکومت اور تمام ادارے بلوچستان کی ترقی اور استحکام کیلئے ایک پیج پرہیں، بلوچستان میں مفاہمت اورہم آہنگی موجودہ حکومت کی اولین تر جیح ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہو گا گوادر کا علاقہ بالکل بدل جائیگا، بلوچستان عمران خان کے دل کے قر یب ہے ،بلوچی عوام کو انکے حقوق دینگے، وفاقی حکومت کسی ایک صوبے نہیں پورے پاکستان کی ترقی کیلئے کام کر رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بلوچستان میں وفاقی حکومت 731 ارب کے 131 منصوبے مکمل کریگی۔ ملاقات میں شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں ،پاکستان کی ترقی اور امن کیلئے ہر قر بانی دینے کو تیار ہیں، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بلوچی عوام نے سب سے زیادہ قر بانیں دیں ہیں۔