لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدارتی امیدوار احسن بھون ایڈووکیٹ ان دنوں سندھ کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے کراچی، حیدر آباد و دیگر وکلاء بارز کا دورہ کیا۔ اس سے قبل وہ بلوچستان کا بھی دورہ کر چکے ہیں اور وکلاء کی فلاح و بہبود کے منصوبے کوئٹہ بار، کراچی بار و دیگر بارز کے وکلاء تک پہنچا چکے ہیں۔ گذشتہ روز انہوں نے کراچی بار کا دورہ کیا اور وکلاء سے ملاقات کی اور کہا کہ سپریم کورٹ کے وکلا کے لئے اسلام آباد میں ایک ہوسٹل کا قیام عمل میں لایا گیا جہاں ملک بھر سے آنے والے وکلاء سپریم کورٹ کے قریب قیام کرتے ہیں۔ عنقریب ہاؤسنگ پراجیکٹ بھی پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔ عاصمہ جہانگیر کے انڈیپینڈنٹ گروپ کے صدارتی امیدوار احسن بھون نے مزید کہا کہ بہترین معاشرے کی تشکیل کے لئے اداروں کا آئین وقانون پر عمل کرنا ضروری ہے۔ بار اور بنچ ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں۔ ہم اس تعلق کو مضبوط کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ایک سال کے قلیل عرصہ میں پنجاب بار کونسل کی شاندار عمارت قائم کی۔ کراچی میں احسن بھون کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام سابق وائس چیئرمین سپریم کورٹ بار کونسل اختر حسین نے کیا۔