اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ جس طرح ڈیجیٹل میڈیا ونگ نے انڈیا افغانستان کی سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا وہ اس پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس ڈیٹا نے ثابت کیا کہ Fake News اور پراپیگنڈا کی لڑائی کیلئے صف بندی بہت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی رائے عامہ کو حقیقت سے آگاہ رہنا چاہئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے معروف اداکارہ دردانہ بٹ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ گزشتہ روز ٹوئٹر پر اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ دردانہ بٹ ایسی شاندار صلاحیتوں کی حامل فنکارہ تھیں جن سے دیگر اداکار بھی سیکھتے تھے۔ ان کی وفات شوبز انڈسٹری کے لئے ایک بڑا نقصان ہے، اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین۔