لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کلمہ طیبہ لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ کی بنیاد پر ووٹ کے ذریعے حاصل کیا جبکہ اسرائیل زور وجبر کی بنیاد پر بنا۔ قرآن مجید پہلی سے چھٹی جماعت تک ناظرہ جبکہ چھٹی کے بعد میٹرک تک ترجمہ کے ساتھ پڑھایا جائے گا۔ اس قانون سے ملک کی بنیادیں مضبوط ہوں گی۔ ہماری ترقی کا واحد راستہ اللہ تعالیٰ کی کتاب اور سنت نبویؐ پر عمل پیرا ہونا ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے ان خیالات کا اظہار پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں دی پنجاب کمپلسری ٹیچنگ آف دی ہولی قرآن (ترمیمی) ایکٹ 2021ء پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وزیرتعلیم پنجاب مراد راس بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ کے کیفے ٹیریا میں یہ پہلی پریس کانفرنس ہے۔ انہوں ہولی قرآن ایکٹ پر بل کے محرک رکن اسمبلی ساجد احمد خان بھٹی وزیر تعلیم مراد راس متحدہ علماء بورڈ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ اور اسمبلی سٹاف کا شکریہ ادا کیا اور ایکٹ کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ایکٹ پر عملدرآمد کیلئے تمام سرکاری اور غیر سرکاری تعلیمی اداروں کو نوٹیفکیشن کا کاپیاں بھجوا دی گئی ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ ہولی قرآن ایکٹ کی اس لئے بھی ضرورت پیش آئی کہ ہمسایہ ملک ہندوستان میں مسلمانوں کے خلاف تحریک چلی اور بے گناہ مسلمانوں کو مارنا شروع کیا گیا۔ ایسی صورتحال میں یہ ضروری تھا کہ بچوں کو صحیح معنوں میں اسلام کی تعلیم دی جائے۔ ایکٹ کے لاگو ہونے سے ہماری قوم کی وحدت کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔