کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے شہر کے نالوں پر قائم مارکیٹیں گرانے کیلئے انسداد تجاوزات مہم کی پالیسی میں تبدیلی کردی۔ نئی پالیسی کے مطابق یہ طے پایا ہے کہ مارکیٹوں میں انسداد تجاوزات مہم کے آغاز سے قبل حکومت متبادل جگہ فراہم کرے گی، بشیر صدیقی نے واضح کیا کہ متبادل کاروباری جگہ ڈھونڈنے اور فزیبلٹی کیلئے کے ایم سی کے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات بشیر صدیقی نے کا کہنا ہے کہ محکمہ انسداد تجاوزات 2018 میں سپریم کورٹ کی ہدایت پر شروع کی گئی اینٹی انکروچمنٹ مہم کے دوران مختلف علاقوں میں نالوں پر قائم ڈھائی ہزار سے زائد دکانیں مسمار کرچکا ہے، یہ تمام دکانیں ضلع جنوبی میں شہر کے پرانے علاقوں میں قائم تھی۔ بشیر صدیقی کا کہنا ہے کہ کے ایم سی نے نالوں پر قائم دکانیں مسمار کرنے سے متعلق اپنی پالیسی میں تبدیلی سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کے دور میں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات یقینی ہے کہ شہر میں برساتی نالوں پر قائم تمام مارکیٹیں گرائی جارہی ہیں، لیکن اس حوالے سے جنگی بنیادوں پر کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد تجاوزات آپریشن کی آخری کارروائی جوبلی مارکیٹ میں کی گئی تھی، جہاں 164 دکانیں مسمار کی گئیں، یہ مہم جولائی کے آخری ہفتے میں 3 روز میں مکمل کی گئی تھی۔کے ایم سی کے ریکارڈ کے مطابق ضلع جنوبی کی مختلف مارکیٹوں میں 837 دکانیں برساتی نالوں پر قائم ہیں اور متعلقہ محکموں کی جانب سے مسمار کی جارہی ہیں۔ کے ایم سی انسداد تجاوزات مہم کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مختلف مارکیٹوں میں ڈھائی ہزار دکانیں مسمار کی جاچکی ہیں۔ کے ایم سی کی انسداد تجاوزات مہم کی فہرست میں شامل مارکیٹوں میں تاج محل مارکیٹ، ایم اے جناح روڈ، یہاں برساتی نالے پر 108 دکانیں قائم ہیں۔ اورنگزیب مارکیٹ، ایم اے جناح روڈ، یہاں 180 دکانیں قائم ہیں۔ بہادر شاہ ظفر مارکیٹ، ایم اے جناح روڈ پر اس مارکیٹ میں 148 دکانیں قائم ہیں۔ اردو بازار مارکیٹ، ایم اے جناح روڈ، یہاں بھی 67 دکانیں برساتی نالے پر قائم ہیں۔ اکبر روڈ مارکیٹ، اکبر روڈ پر 95 دکانیں نالے پر قائم ہیں۔ مدینہ کلاتھ مارکیٹ، لیاری میں نالے پر 137 دکانیں قائم ہیں۔ پکٹر روڈ مارکیٹ، لیاری، یہاں بھی 102 دکانیں نالے پر قائم ہیں۔علاوہ ازیں ایمپریس مارکیٹ، 547 دکانیں‘ عمر فاروقی مارکیٹ، 603 دکانیں‘ میرک مارکیٹ، 176 دکانیں‘ جہانگیر پارک مارکیٹ، 151 دکانیں‘ علی دینہ مارکیٹ، 297 دکانیں‘ جناح مارکیٹ، 100 دکانیں‘ ریگل چوک مارکیٹ، 3 دکانیں‘ زولوجیکل گارڈن مارکیٹ، 404 دکانیں‘ کھوڑی گارڈن مارکیٹ، 139 دکانیں‘ نانک واڑہ مارکیٹ، 19 دکانیں‘ بلوچ پارک مارکیٹ، 119 دکانیں بھی تجاوزات کی فہرست میں شامل ہیں۔
کراچی کے نالوں پرقائم تعمیرات گرانے سے پہلے متبادل جگہ دی جائیگی
Aug 13, 2021