مصطفی آباد/للیانی(نامہ نگار) تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ہر قسم کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں یکسر ناکام ہو چکی ہے ۔بڑھتی ہوئی مہنگائی اور شدید گرمی میںغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر کے رکھ دی ہے ۔شہری علاقوں میں 12جبکہ دیہاتوں میں 18 گھنٹے تک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ دوسرے شہروں سے زیادہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری منظور احمد نے پریس کلب مصطفی آباد میں پریس کانفرنس کرتے کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ ملک میں بجلی کی کوئی قلت نہیں اگر بجلی پوری ہے تو بتایا جائے کہ لوڈشیڈنگ کیوں کی جا رہی ہے لوڈشیڈنگ کے ایشو پر ہم نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی بنائی ہے۔ اس موقع پر آصف علی کھوکھر‘ بائو غلام رسول ‘ مہر شفقت محمود ‘ تاشفین ٹیپو ‘ ڈاکٹر حنیف ‘ حاجی فریاد علی‘ ملک مدثر ‘ شیخ وحید احمد ‘ولی احمد ‘ کاشف ، نعیم سندھو ، ندیم غفاری ، اویس شیخ ،ولی بھائی ودیگر نمائندہ شخصیات نے کہا کہ ہم لوڈشیڈنگ کے ایشو پر چوہدری منظور احمد کے ساتھ ہیں۔