دبئی(یواین پی) ٹیسٹ رینکنگ کی ٹاپ10پوزیشنز سے پاکستانی کرکٹرز کی دوریاں برقرار ہیں جب کہ بابر اعظم کا11 واں نمبر ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلادیش و آسٹریلیا کی سیریز اور انگلینڈ و بھارت میں پہلے میچ کے اختتام پر تازہ ترین ٹیسٹ اور ٹی20رینکنگ جاری کردی، ویسٹ انڈیز کیخلاف جمعرات کو سیریز کا آغاز کرنے والی پاکستانی ٹیم کا کوئی کھلاڑی ٹاپ10میں شامل نہیں ہے،بابر اعظم کا نمبر11واں رہا، چتیشور پجارا کی تنزلی کے باعث اظہر علی ایک درجہ ترقی سے17ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ٹرینٹ برج میں سنچری جڑنے والے انگلش کپتان جو روٹ نے بھارتی ہم منصب ویراٹ کوہلی سے چوتھی پوزیشن چھین لی،کین ولیمسن کا پہلا نمبر ہے،پہلے ٹیسٹ میں 9 وکٹیں لینے والے بھارتی بولر جسپریت بمرا 10 درجے ترقی پاکر ٹاپ 10 ٹیسٹ بولرز میں واپس لوٹ آئے، جیمز اینڈرسن کو ایک درجہ ترقی نے ساتویں نمبر پر پہنچا دیا،اولی روبنسن بھی 22 درجے بہترین سے 46 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے، پیٹ کمنز سرفہرست ہیں۔دوسری جانب مختصر ترین فارمیٹ میں بابر اعظم کی دوسری پوزیشن کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں ہے، محمد رضوان بھی ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا سے مختصر فارمیٹ کی ہوم سیریز میں عمدہ کارکردگی کی بدولت بنگلادیش کے شکیب الحسن ایک بار پھر ٹاپ آل راو?نڈر بن گئے،آخری مرتبہ یہ پوزیشن اکتوبر2017 میں ان کے پاس تھی، 3 درجے ترقی کے بعد شکیب بیٹسمینوں میں 53 ویں نمبر پر آگئے۔بولرز میں 6 درجے ترقی نے انھیں 12 ویں پوزیشن پر پہنچا دیا،آسٹریلوی آل راو?نڈر مچل مارش 4 درجے بہتری سے بیٹسمینوں میں 21 واں نمبر سنبھال چکے،لیفٹ آرم اسپنر ایشٹن ایگر ایک درجہ آگے بڑھ کر ساتویں نمبر پر براجمان ہوگئے۔