لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کی اوپننگ جوڑی ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ناکام ہو گئی ۔ بارش کی وجہ سے پہلے دن کا کھیل متاثر ہوا۔ کنگسٹن میں کھیلے جارہے میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ بریتھ ویٹ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیاجو درست ثابت ہوا۔ پاکستان کی طرف سے عابدعلی اور عمران بٹ نے اننگز کا آغاز کیا ۔ دونوں اوپنرز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ۔ گرین شرٹس کی پہلی وکٹ اکیس کے مجموعی سکور پر گری جب عمران بٹ کیمار روئچ کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔وہ صرف 11رنز بناسکے ۔ دوسرے اوپنر عابد علی بھی کارکردگی دکھانے میں ناکا رہے ۔ وہ بھی اکیس کے مجموعی سکور پر نو رنز بناکر سیلز کی گیند پر وکٹ کیپر ڈی سلوا کو کیچ تھما بیٹھے ۔ پاکستان نے دو وکٹوں پر 34رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے کھل روک دیا گیا ۔کھیل دوبارہ شروع ہوا تو اظہر علی 17اور بابر اعظم 30رنز بناکر چلتے بنے۔فواد عالمی4 اور محمدرضوان 15 رنز پر کھیل رہے تھے ۔ گرین شرٹس نے چار وکٹوں پر 87رنز بنالئے تھے ۔میزبان کالی آندھی کی طرف سے کیمار روئچ اور جیڈن سیلز نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ کھانے کے وقفے تک بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔فیلڈ امپائر ز نے کھیل روک دیا۔ پاکستان کی حتمی الیون میں فواد عالم ‘محمد رضوان ‘فہیم اشرف ‘حسن علی ‘یاسر شاہ ‘محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی بھی شامل ہیں ۔ میزبان ٹیم میں کریگ بریتھ ویٹ کپتان ‘کیرون پاول ‘نکروما بونر ‘کائل میئرز ‘روسٹن چیز ‘جرمین بلیک ووڈ ‘جوشوا ڈی سلوا‘جیسن ہولڈر ‘کیمار روئچ‘جیڈن سیلز اور جومیل وریکین شامل ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق ٹیسٹ میچ کے پانچوں دن بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔
کنگٹس ٹیسٹ پاکستانی اوپنر ز ناکام بارش سے کھیل متاثر
Aug 13, 2021