پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو جشنِ یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے، اور اس وقت تک اِس مملکتِ خداداد کو کئی خطرہ نہیں، جب تک 1973ع کا آئین ہمارا قومی لائحہ عمل ہے۔ یومِ آزادی کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ آج کا دن ہمارے بزرگوں کی پرامن سیاسی جدوجہد کے بارآور ہونے کا دن اور ان کے جمہوریت پسند ویڑن کی علامت ہے۔ پاکستان کو درپیش تمام مسائل کا حل حقیقی جمہوریت کے قیام اور آئین کی پاسداری میں پنہاں ہے"۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس سوچ اور نظریئے کا تسلسل ہے جس کی بنیاد پر ہمارے بانی اجداد نے یہ عظیم ملک قائم کیا تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو صحیح معنوں میں جدید، ترقی پسند اور متحرک جمہوری ریاست بنانے کے لیئے سرگرمِ عمل ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقاء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، پاکستان جن کی جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ہے، جنہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی جمہوریت پسند و آئین پسند سوچ و فکر کی روشنی میں اس ملک کو حقیقی معنیٰ میں ایک جمہوری و مساوت پر مبنی ملک بنانے کے لیئے جدوجہد کی اور اس کاز کی خاطر اپنی جانیں بھی قربان کردیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم ہر ایسی کوشش و سوچ کی مزاحمت کریں گے، جو عوام کو ووٹ کے ذریعے اپنی پسند و ناپسند کا فیصلہ کرنے میں رکاوٹ بنتی ہے، اور اس کے ساتھ ساتھ اپنی پرامن جدوجہد کے ذریعے ملک میں ہر قسم کے تعصب، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے لیئے زمین تنگ کردیں گے۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ جشنِ یوم آزادی کے موقعے پر انہیں وہ کشمیری بھائی و بہنیں بھی یاد آرہے ہیں جو اپنے حقِ خودارادیت کے لیئے اس بربریت کا سامنا کر رہے ہیں، انسانی تاریخ جس پر ہمیشہ شرمندہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی مرضی اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں کشمیر کی آزادی تک پاکستان پیپلز پارٹی ان کی حمایت جاری رکھے گی۔
کراچی :بلاول زرداری کی قوم کو جشنِ یومِ آزادی کی مبارکباد
Aug 13, 2021 | 23:00