لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر اور جامع مسجد محمد ی سنت نگر فردوس پارک کے خطیب مولانا فضل الرحمن بن محمد نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر مصیبت اور راحت اللہ تعالیٰ کی جانب سے آزمائش کے طور پر آتی ہے۔ کہ مصیبت اور مشکل میں بندے کو اللہ کی طرف رجوع کرنا اس سے مدد کے حصول کیلئے گڑ گڑانا ، نماز پڑھنا اور اس کی رضا پر شاکر اور صابر ہونا چاہیے۔ نوحہ اور ماتم کی اسلام میں اجازت نہیں ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے ’’ اور ہم کسی قدر خوف اور بھوک ، مال اور جانوں اورمیوئوں کے نقصان سے تمہاری آزمائش کریں گے تو صبر کرنے والوں کو (اللہ کی خوشنودی) کی بشارت سنادو ‘‘ جب راحت اور کشادگی آئے تو اس پر شکر کرے نہ کہ اللہ کا نافرمان اور گستاخ اور اس کی بندگی و عبادت سے غافل ہو جائے۔ مسلمان کو ہر حالت میں اللہ کی رضا پر راضی رہنا چاہیے کہ جو کچھ ہے اسی کا دیا ہوا ہے اسی نے واپس لے لیا تو کیا ہوا۔ ہر چیز نے لوٹ کر اسی کی طرف جانا ہے۔ یہی ہمارا ایمان ہونا چاہیے۔