کراچی (نیوز رپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان بزرگوں کی امانت اور ہمارے اسلاف واباﺅاجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے ، یوم آزادی شایان شان طریقے سے منائیں گے ،ملک بھر میں یوم آزادی پر جلسے ،جلوس ریلیاں اور کیک کٹنگ کی تقریبات منعقد کی جائینگی ،یوم آزادی پر یوم وفائے پاکستان کے نام سے ریلیاں نکالی جائینگی ،کارکنان گھروں گلی محلوں کو سبز ہلالی پرچم لگائیں ، سیکولر ولبرل ازم قوتیں پاکستان کی نظریاتی اساس کو مسخ کرنے کے درپے ہیں ،پاکستان دوقومی نظریہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا ،پاکستان بنانے کی تحریک میں ہمارے اسلاف کا ایک ہی نعرہ رہا پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ پاکستان کا مقصد کیا محمد رسول اللہ جو آج بھی گونج رہا ہے ، تحریک پاکستان کی مخالفت کرنیوالے ناکام ونامراد ہوئے اور ہمارے اسلاف واباﺅاجداد نے پاکستان بناکر دنیا کو واضع کردیا کہ پاکستان دنیا کی دوسری ریاست ہے جو نظریہ اسلام کی بنیاد پر معرض وجود میں آئی ہے ،توحید اور رسالت پر حملہ کرنیوالے ملک کی نظریاتی سرحدوں کو کمزور کرنے کے درپے ہیں ،ان سے اسلامی وآئینی طور پر نمٹنا ہوگا ،پاکستان سنی تحریک یوم آزادی شایان شان طریقے سے منائیگی اورنوجوانوں کو اپنے قومی ہیروز کے تاریخی کارنامے اور قربانیوں سے روشناس کرینگے ،جو قومیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو فراموش کردیتی ہیں تاریخ گواہ ہے وہ کبھی کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوئیں ،شہداءپاکستان کوزبردست خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے ملک بھر میں قومی پرچم کشائی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے بھارت ہٹ دھر می چھوڑ کر مثبت کردار ادا کرئے ،بھارت کی اجارہ داری زیادہ دن نہیں چلے گی مظلوم کشمیریوں کو آزادی مل کر رہے گی ،بھارتی فوج کشمیریوں پر ظلم ڈھارہی ہے اور قتل کررہی ہے ،اقوام متحدہ نوٹس لے ،بھارت خطے کے امن کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے ،پاکستان خطے سمیت پوری دنیا میں امن چاہتا ہے اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو عالمی برادری قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔
ثروت اعجاز قادری
پاکستان بزرگوں کی امانت‘اباﺅاجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے ، ثروت اعجاز قادری
Aug 13, 2022