فیول ایڈ جسٹمنٹ، اگست کیلئے ، بجلی 9.90 روپے یونٹ مہنگی

Aug 13, 2022


 اسلام آباد (نامہ نگار) نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے جون کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 9 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔ نیپرا نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق سی پی پی اے (سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی لمیٹڈ) نے جون کے لیے بجلی کے نرخ میں 9 روپے 91 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔ اتھارٹی نے 28 جولائی 2022ء کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔ نیپرا کے مطابق اس سے قبل مئی کا ایف سی اے صارفین سے 7 روپے 91 پیسے چارج کیا گیا تھا جو کہ صرف ایک ماہ کے لیے تھا، جون کا ایف سی اے مئی کی بہ نسبت ایک روپیہ 99 پیسے اگست میں زیادہ چارج کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اس کا اطلاق صرف اگست کے ماہ کے بلوں پرہوگا، اس کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین پر ہوگا۔ تاہم لائف لائن صارفین اور کے الیکٹرک صارفین پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔بجلی صارفین سے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سے 133 ارب روپے اضافی وصول کئے جائیں گے۔

مزیدخبریں