اسلام آباد/لاہور (خبر نگار‘ شہنوا‘ این این آئی) پاکستان کا 75واں یوم آزادی کل (اتوار) 14 اگست کو قومی جذبے اور ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔ دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دعائوں سے ہوگا۔ وفاقی دارالحکومت میں31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ ملک بھر میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں اہم حکومتی اور سرکاری شخصیات شرکت کریں گی۔ ملک بھر میں جشن آزادی کے سلسلہ میں سیمینارز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جن میں مقررین جدوجہد آزادی کی تحریک میں دی جانے والی قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے۔ حکومتی، سرکاری شخصیات اور پاک افواج کے افسران، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کے مزار مبارک پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کریں گے۔ اسلام آباد میں پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے منعقد کردہ تقریب میں 5 ہزار سے زائد طلباء و طالبات اور سیاسی و سماجی شخصیات نے دس ہزار سکوائر فٹ کا انسانی جھنڈا بنا دیا۔ دوسری طرف جشن آزادی کی مناسبت سے پی ایچ اے نے پاکستان کا دوسرا بڑا پرچم دو سو فٹ اونچا‘ 50 چوڑائی، 75 فٹ لمبا چوڑا جیلانی پارک میں لگائے گی۔ 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب گریٹر اقبال میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ ڈی جی پی ایچ اے عمر جہانگیر نے جشن آزادی کی مناسبت سے جیلانی پارک میں بننے والے پاکستان کے دوسرے بڑے پرچم کے تعمیراتی کام کے جائزے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنی آزادی کا جشن بھرپور طریقے سے مناتی ہیں، اسی سلسلے میں پی ایچ اے پاکستان کا دوسرا بڑا پرچم جیلانی پارک میں لگا رہا ہے۔ پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی منانے کے سلسلے میں چین میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سات چھوٹی دستاویزی فلموں کی سیریز میں تین کو جاری کر دیا گیا۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق ہر ایک فلم کا دورانیہ تقریباً دو منٹ ہے۔ ویڈیوز نے پاکستانی کھانوں، دستکاری اور تہواروں، باسمتی چاول سے لے کر قالینوں اور مارخور پر مبنی مجسمے تک، کھانا پکانے اور ہاتھ سے بنی نایاب چیزوں کی پیش کش کے ساتھ آر ٹسٹ، کوکنگ اور ہاتھ سے اشیاء بنانے کے عمل کو بھرپور اجاگر کیا گیا۔
جشن آزادی کل‘ انوکھے پرچم تیار چین میں دستاویزی فلم کی رونمائی
Aug 13, 2022