لاہور (نیوز رپورٹر) صدر عارف علوی اور وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے جوبلی ٹاؤن میں فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ زیر تکمیل پراجیکٹ کے مختلف حصے دیکھے اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے پراجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور انسٹی ٹیوٹ کو فاطمہ جناح ڈینٹل یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان کیا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ اس منصوبے کی 2005 میں میرے سابقہ دور میں منظوری دی گئی۔ بدقسمتی سے ن لیگ کی حکومت نے منصوبے پر کوئی نمایاں پیش رفت نہیں کی اور میرے دور کے شروع کئے گئے دیگر عوامی منصوبوں کی طرح اس پراجیکٹ کو بھی سیاسی عناد کی بھینٹ چڑھایا گیا۔ 17 سال گزر گئے لیکن منصوبہ فنکشنل نہیں ہو سکا اور لاگت میں اضافہ ہوا۔ ایسا کرنا عوام کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے۔ صحت عامہ کے منصوبوں کو بروقت مکمل نہ کرنا مجرمانہ غفلت ہے۔ اگر یہ منصوبہ وقت پر مکمل کر لیا جاتا تو اس کی لاگت میں اضافہ نہ ہوتا اور عوام کو صحت کی معیاری سہولتیں مل رہی ہوتیں۔ اللہ تعالیٰ نے مجھے جب بھی عوام کی خدمت کا موقع دیا، صحت عامہ کے شعبہ کو اولین ترجیح دی۔ قبل ازیں ڈاکٹر عارف علوی اسلام آباد سے لاہور پہنچے تو ایئر پورٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب چو دھری پرویزالٰہی نے ان کا استقبال کیا۔ علاوہ ازیں پرویزالٰہی کی زیرصدارت اجلاس میں اورنج لائن میٹروٹرین، الیکٹرک بسیں چلانے اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین اور طلباء کو اورنج لائن میٹروٹرین کے کرائے میں رعایتی پیکیج دیا جائے گا۔ بزرگوں اور خصوصی افراد کو مفت سفر کی سہولت دی جائے گی۔ اجلاس میں اورنج لائن میٹروٹرین کا کرایہ سٹیج وائز مقررکرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر اورنج لائن میٹروٹرین کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا جائزہ لینے کیلئے ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی گئی۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کے سٹیشنز پر بھی سولر سسٹم لگائے جائیں گے جبکہ الیکٹرک بس کا پہلا پائلٹ پراجیکٹ لاہور میں شروع کیا جائے گا۔ عوام کو جد یدترین ماحول دوست بسوں میں سفر کی بہترین سہولتیں فراہم کریں گے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کنٹریکٹ آؤٹ سورس کرنے کا معاملہ ایڈوائزری کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے۔ پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت پاکستان اور قوم کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے۔ رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں آج تک کسی اور ملک کے آرمی چیف کو بطور مہمان خصوصی انوائٹ نہیں کیا گیا صرف پاکستان کے آرمی چیف کو یہ اعزاز دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ میں جانا دراصل ان کی فوج کے حوالے سے ریفارمز اور ملک میں دہشت گردی کے تدارک کا اعتراف ہے۔ بین الاقوامی سطح پر آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی صلاحیتیوں کو نہ صرف تسلیم کیا گیا بلکہ وہ امن کی شناخت بن چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے لیہ میں زیادتی و پورنوگرافی کے سکینڈل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اعلیٰ سطح کی ٹیم کو واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کرکے ملزموں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہاکی اولمپیئن مطیع اللہ خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پرویز الٰہی نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ قوم کو اپنے باصلاحیت نوجوانوں سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ ملکی ترقی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہے۔
اورنج ٹرین میں بزرگوں ، خصوصی افراد کو مفت سفر ، خواتین ، طلبہ کع رعایتی پیکج دینگے: پرویزالہی
Aug 13, 2022