نارووال، گجرات، کوئٹہ (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان اور چناب نگر میں بارش، حادثات سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے ہیں۔ نالہ ڈیک میں طغیانی سے ریلوے لائن بہہ گئی ہے۔ دوسری طرف نالہ ایک میں شگاف پڑنے کی اطلاع ہے۔ تفصیل کے مطابق نالہ ڈیک میں طغیانی سے قلعہ احمد آباد کے مقام پر ریلوے لائن کا بڑا حصہ بہہ جانے سے ٹرینوں کی آمددورفت گذشتہ روز تقریباً معطل ہوگئی ہے۔ ٹریفک انسپکٹر ریلوے جاوید شاہ کے مطابق گذشتہ روز نالہ ڈیک میں قلعہ احمد آباد کے مقام پر بڑے سیلابی ریلے کی آمد سے ریلوے لائن کے نیچے سے مٹی بہہ جانے سے بڑا کھڈا پڑ گیا جس سے علامہ اقبال ایکسپریس ٹرین سیالکوٹ سے نارووال اور لاثانی ایکسپریس ٹرین نارووال سے سیالکوٹ نہ جاسکی۔ ٹرینوںکی آمدورفت معطل ہونے سے خصوصاً کراچی آنے اور جانے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ سیالکوٹ میں شتاب گڑھا کے قریب سے نالہ ایک میں شگاف پڑ گیا۔ شتاب گڑھا سے پانی باہر آنے پر بیشتر اراضی اور فصل زیر آب آ گئی۔ چناب نگر و گردونواح میں موسلادھار طوفانی بارش ہوئی۔ نواحی علاقوں میں ایک ڈھاری کی دیوار و چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہو گئے۔ رواں بارشوں سے دریا اور ندی نالے بپھر گئے۔ دریائے چناب میں پانی کی سطح پھر سے بلند ہونا شروع ہو گئی۔ پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادھر بھارت نے آبی جارحیت کرتے ہوئے چند دنوں میں ایک بار پھر دریائے چناب میں پانی چھوڑ دیا جس سے مختلف شہروں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ بھارت سے چھوڑا گیا ایک لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا پاکستانی حدود میں داخل ہو گیا ہے۔ دریائے چناب، ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 80 ہزار کیوسک ہو گئی ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق ہیڈ مرالہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ شمالی بلوچستان میں چمن اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لیویز حکام کے مطابق چمن میں رحمان کہول روڈ پر دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ کوژک ٹاپ، شیلا باغ، قلعہ عبداللہ، سداتات، توبہ اچکزئی کے مختلف علاقوں میں بارش سے برساتی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ مسلم باغ میں سیلاب سے بڑے پیمانہ پر نقصانات ہوئے۔ 100 سے زائد گھر گر گئے۔ سامان، مویشی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔ کوئٹہ، چمن شاہراہ زیر آب آنے سے وہاں ٹریفک معطل ہے۔ دوسری طرف اپر کوہستان کے علاقے داسو میں قراقرم ہائی وے کے قریب اوچھر نالے پر نصب ایک عارضی بیلی پل موسلادھار بارش کے باعث آنے والے سیلاب میں بہہ گیا۔ پل گرنے کے باعث گلگت بلتستان کا ملک کے دیگر حصوں سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ گجرات میں برساتی نالہ، دواڑہ بپھر گیا، درجنوں مکانات زیر آب، مکین پانی میں گھر گئے، سامان بہہ گیا، لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ نواحی گائوں ہزارہ مغلاں کا 26 سالہ نوجوان مرزا شعیب ارشد بیگ اپنے بھائی کے ساتھ قریبی برساتی نالہ میں اپنے مال مویشیوں کو بچاتے ہوئے تیز لہروں کی نذر ہو گیا۔ مرزا شعیب ارشد بیگ کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی اور گزشتہ روز ہی اللہ نے اسے بیٹے کی نعمت سے نوازا مگر وہ بیٹا ایک دن بعد ہی یتیم ہو گیا۔ ابھی تک مرزا شعیب بیگ کی لاش نہیں مل سکی۔
بارش / سیلاب
بارش حادثات ، 2 جاں بحق ، بھارت نے چناب میں بھی پانی چھوڑ دیا ،شاہراہیں ، ریلوے زیر آب
Aug 13, 2022