لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے ہاکی گراؤنڈ میں ہونے والے آج پی ٹی آئی کا جلسہ روکنے کی ن لیگ کی استدعا مسترد کردی ہے۔ یہ فیصلہ ہائیکورٹ نے ن لیگی رہنما عطا تارڑ اور دیگر کی جانب سے ہاکی گراؤنڈ لاہور میں ہونیوالے پی ٹی آئی کے جلسہ روکنے کی درخواست پر سنایا۔ درخواست گزاروں نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی جلسہ کے لیے کروڑوں روپے مالیت کی آسٹروٹرف اتار لی گئی ہے جو قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آسٹروٹرف اتر چکی ہے کیا ایک دن میں واپس لگ جائے گی۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ سیکیورٹی کی وجہ سے ہاکی سٹیڈیم میں جلسہ کی اجازت دی گئی ہے۔ جلد آسٹروٹرف کا ٹینڈر جاری کیا جائے گا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پہلے ہم ہاکی میں جیت ہی سنتے تھے اب ہارنے کا ہی سنتے ہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ اب ایک دن رہ گیا ہے اب حکومت کس طرح دوسری جگہ انتظام کرسکتی ہے۔ عدالت نے سماعت کے بعد ہاکی سٹیڈیم میں جلسہ رکوانے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے حکم دیا کہ پنجاب حکومت یقینی بنائے کہ املاک کو کو ئی نقصان نہ ہو گا، آسٹرو ٹرف جلد ازجلد لگائی جائے گی۔ جسٹس علی ضیاء باجوہ نے عطاء تارڑ سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کے دوران سوال کیا کہ کیسے پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے سے روکا جا سکتا ہے۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ہاکی سٹیڈیم سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کیلئے مقرر نہیں ہے، ہاکی سٹیڈیم صرف کھیلوں کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ جسٹس علی ضیا باجوہ نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو طلب کیا تھا انہیں آنے دیں پھر دوبارہ سماعت کرتے ہیں اور انہوں نے تھوڑی دیر کے لیے سماعت کچھ دیر کیلئے ملتوی کر دی۔ بعد ازاںجسٹس علی ضیاء باجوہ نے عطاء تارڑ سمیت دیگر کی درخواستوں پر ذاتی وجوہات کی بناء پر سماعت سے معذرت کرلی اور عدالت نے فائلیں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو واپس بھجوا دیں جس پر دوبارہ کیس کی سماعت جسٹس مزمل اختر شبیر نے کی۔
درخواست مسترد