اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت (ایم او ایف ای پی ٹی) اور پاکستانی ٹیلی کمیو نی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ملک بھر میں طالب علموں کو تعلیمی مواد کی فراہمی کے سلسلے میں چار تعلیمی او ٹی ٹی چینلز کے آغاز کے معاہدے پر اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کے دوران دستخط کئے۔ ان چینلز کی بدولت مختلف عمروں کے طالب علموں میں سیکھنے اور سمجھنے کا عمل بہتر بنانے سے متعلق معیاری تعلیمی مواد کی رسائی میں بھرپور اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر تقریب میں وزیر وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، رانا تنویر حسین مہمان خصوصی تھے۔ وفاقی سیکریٹری وزارت وفاقی تعلیم عامر اشرف خواجہ، اور وفاقی آئی ٹی وزارت کے سیکریٹری محسن مشتاق نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس معاہدے پر وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے ایڈیشنل سیکریٹری وسیم اجمل چوہدری اور پی ٹی سی ایل و یوفون کے گروپ چیف بزنس سلوشنز آفیسر ضرار ہشام خان نے دستخط کئے۔ تقریب میں وزارت وفاقی تعلیم و پی ٹی سی ایل کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس معاہدے کے تحت پی ٹی سی ایل کی جانب سے وزارت وفاقی تعلیم کو اسکے او ٹی ٹی اسمارٹ ٹی وی پلیٹ فارم پر 4 چینلز فراہم کئے جائیں گے جن میں تعلیمی مواد براہ راست استعمال کرنے اور انکی ڈاؤن لوڈنگ کی سہولت میسر ہوگی۔ یہ ڈیجیٹل چینلز ملک بھر میں بالکل مفت میسر ہوں گے۔ اس اقدام سے وزارت وفاقی تعلیم کی جانب سے طالب علموں کو بہترین انداز میں پڑھانے اورسکھانے اور تعلیمی نظام کو ڈیجیٹلائزیشن کی جانب لانے میں بڑی مدد ملے گی۔ تقریب کے دوران وزیر وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، رانا تنویر حسین نے کہا، "پی ٹی سی ایل کے ساتھ یہ معاہدہ پاکستان کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے،تدریس کے نئے جدید طریقوں کو ملک میں فروغ دینے اور ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ایسی سہولیات کے لئے یہ نہایت موزوں وقت ہے کیونکہ اب ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی اسمارٹ فون اور تیزرفتار انٹرنیٹ کی رسائی پھیل چکی ہے۔ ہمیں پی ٹی سی ایل سے اشتراک پر نہایت خوشی ہے جو معاشرے میں تعلیم کو جدید انداز سے پھیلانے کے بنیادی اقدام کا مشترکہ ویژن رکھتا ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن مستقبل کا حصہ ہے اور ہم معاشرے میں پائیدار اور گہرے اثرات کے لئے اس اقدام میں توسیع کے لئے مواقع تلاش کریں گے۔" اس موقع پر وزارت وفاقی تعلیم کے سیکرٹری، وسیم اجمل چوہدری نے کہا، " پاکستان بھر میں چار عدد او ٹی ٹی تعلیمی چینلز بالکل مفت میسر ہوں گے تاکہ کسی سبسکرپشن کے بغیر مختلف پس منظر کے حامل تمام طالب علموں کی جدید انداز سے تعلیمی مواد تک رسائی ہوگی۔ یہ اقدام ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں قابل ذکر کردار ادا کرے گا۔ مزید برآں، اس اقدام سے ہماری وزارت کی مسلسل کاوشوں میں وسعت آئے گی جس سے پاکستان کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔"پی ٹی سی ایل و یوفون کے گروپ چیف بزنس سلوشنز آفیسر، ضرار ہشام خان نے کہا، "ملک میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو آگے بڑھانے میں بنیادی کردار کے حامل اور سب سے بڑے ملکی آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے ادارے کے طور پر، پی ٹی سی ایل کو تعلیمی شعبے میں بہتری لانے کے لئے شراکت داروں کی ضرورت ہے۔ اس اقدام کی بدولت پاکستان کے تعلیمی نظام میں بڑی تبدیلیاں لانے کے لئے مشترکہ صلاحیتیں آگے بڑھیں گی اور تمام خطوں میں جدید انداز سے تعلیم کا حصول ممکن ہوسکے گا۔
رانا تنویر حسین