کراچی (این این آئی)سندھ ہائی کورٹ نے جہانگیر پارک کے ایم سی ملازمین کو متبادل کوارٹرز دینے سے متعلق درخواست پر 15روز میں متاثرین کو رہائش فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔سندھ ہائیکورٹ میں جہانگیر پارک کے ایم سی ملازمین کو متبادل کوارٹرز دینے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ کے ایم سی، واٹر بورڈ کے وکلا اور حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ واٹر بورڈ ملازمین سے کے ایم سی کوارٹر خالی کرانے کے لیے کیا کیا گیا؟ جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کہ مالیوں، چوکیداروں کو بنگلے دے رکھے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ بڑے بنگلوں میں مالی، چوکیدار رہ رہے ہیں۔ کیا محکمہ میں کوئی چیک اینڈ بیلنس ہے؟ جو اصل حق دار ہیں وہ دھکے کھا رہے ہیں۔ جہانگیر پارک متاثرین کو کوارٹر کون دے گا؟ پوری کوشش کرلی مگر قبضے نہیں مل رہے۔ کے ایم سی کی پراپرٹیز کیسے الاٹ کر دی گئیں۔ جنہوں نے الاٹ کیں ان کے خلاف کیا کارروائی کی؟ کے ایم سی کے وکیل نے موقف دیا کہ واٹر بورڈ سے بات چیت چل رہی ہے۔ ہم واٹر بورڈ سے ریکوسٹ کرچکے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ ریکویسٹ کیوں کرتے ہیں، جائیں قبضے ختم کروائیں۔ کیا واٹر بورڈ کے ملازم سابقہ ہیں یا ملازمت پر؟ وکیل نے موقف دیا کہ کے ایم سی کے جواب میں ایسی کوئی نشاندھی نہیں ہوئی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیا ملازمین کرایہ ادا کر رہے ہیں؟ واٹر بورڈ کے وکیل نے موقف دیا کہ واٹر بورڈ کے ملازمین کرایہ تک ادا نہیں کر رہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تو ایسے ملازمین کو فوری طور پر باہر نکالا جائے۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ جہانگیر پارک تزئین و آرائش کے دوران پانچ ملازمین سے کوارٹر خالی کرایے گئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ واٹر بورڈ کی زمین پر بھی کے ایم سی ملازمین رہائش پذیر ہیں۔ عدالت نے پندرہ روز میں متاثرین کو رہائش دینے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کے ایم سی اپنے ملازمین کو اکاوموڈیٹ کرے اور رپورٹ جمع کرائے۔
متبادل کوارٹرز
جہانگیر پارک متاثرہ کے ایم سی ملازمین کو متبادل کواٹرز دینے کا حکم
Aug 13, 2022