کراچی(نیوز رپورٹر )بلوچستان حکومت کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے ناراض ہونے والے بلوچ ہمارے بھائی ہیں ، ان کو واپس آنے کی دعوت دیتی ہوں ،بلوچستان میں اس مرتبہ معمول سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں،تمام اضلاع میں ریسکیو کا عمل جاری ہے،پاک فوج کے جوان بھی بحالی کے کاموں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں ،سوشل میڈیا پر افواج پاکستان کے خلاف منفی باتیں پھیلائی جارہی ہیں ۔سوشل میڈیا کے ذریعہ بیانات دے کر پاکستان کے خلاف سازش کی جارہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کو کراچی پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔فرح عظیم شاہ نے کہا کہ کراچی پریس کلب آنے پر جس طرح میرا استقبال کیا گیا وہ قابل ستائش ہے۔سندھ کے لوگ کافی مہمان نواز ہیں۔انہوںنے کہا کہ بلوچستان میں اس بار معمول سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔تمام اضلاع میں ریسکیو کا کام جاری ہے۔کچھ مقامات پر ریسکیو کے کام میں دشواری کا سامنا رہا وہاں ہیلی کاپٹر کے ذریعے کام کیا گیا۔پاک فوج کے جوانوں نے بھی ریسکیو کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔جنرل سرفراز نے بھی حادثے سے پہلے وہاں ریسکیو کے کام کا معائنہ کیا تھا۔انہوںنے کہا کہ سوشل میڈیا پر افواج کے بارے میں کافی گند پھیلایا گیاہے ۔ہمیں سب سے پہلے پاکستان کے بارے میں سوچنا ہے۔میڈیا جو بھی جو دکھائے گا لوگ وہی سیکھیں گے۔کچھ عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے بیانات دے کرپاکستان کے خلاف سازشیں کرنے میں مصروف ہیں۔فرح عظیم شاہ نے کہا کہ بلوچستان میں ہم اب بحالی کے عمل داخل ہو چکے ہیں۔بلوچستان میں امن و امان کا بھی کافی مسئلہ تھا جو اب بہتری کی جانب گامزن ہے۔انہوںنے کہا کہ دو ماہ بعد بلوچستان میں سرد موسم کا آغاز ہوجائے گا۔جن کے گھر تباہ ہوئے ہیں انکے گھر دوبارہ تعمیر کیئے جائیں گے۔ہم بلوچستان کے عوام کو کسی طور تنہا نہیں چھوڑیں گے۔کہیں کسی وجہ سے ریسکیو کا کام شروع نہ ہوسکے تو موسم کی وجہ سے وہاں پہنچے میں مشکل ہوتی ہے۔انہوںنے کہا کہ میں بلوچستان کے ناراض ہونے والوں کو واپس آنے کی دعوت دیتی ہوں۔ناراض ہونے والے بھی ہمارے بہن بھائی ہیں۔ہمیں بھٹکنے والے بلوچوں سے بھی پیار ہے۔بلوچستان سونے کی چڑیا ہے۔بلوچستان کیوں بیرونی سازشوں کا شکار رہتا ہے اس کی بڑی وجہ اتحاد کا نہ ہونا ہے ۔
فرح عظیم شاہ
ناراض بلوچ ہمارے بھائی واپس آنے کی دعوت دیتی ہوں۔ ترجمان بلوچستان حکومت ، فرح عظیم شاہ
Aug 13, 2022