لاہور(نیوز رپورٹر ) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ رواں ماہ کاٹن مینجمنٹ کیلئے نہایت اہم ہے جس میں کپاس کی پیسٹ سکاو¿ٹنگ،سرویلنس اور ضرررساں کیڑوں کے حملہ کا بروقت کنٹرول کے علاوہ پودوں کی غذائی ضروریات کو ملحوظ ِ خاطر رکھنا اور کپاس کے پیداواری ریکارڈ کا مرتب کرناشامل ہے۔اس ضمن میں تمام ڈائریکٹرزفیلڈ انسپکشن کو بڑھائیں اور ڈویژنل ایکسپرٹ گروپس کے ہمراہ فیلڈ میں جاکر کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کریں۔ اس کے علاوہ جیننگ فیکٹریوں میں کپاس کی آمدو ترسیل کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے تاکہ ان نتائج کی روشنی میں آئندہ فصل کیلئے بہترحکمت عملی تیار کی جا سکے۔ وہ آج کمشنر آفس بہاولپور اورملتان میں ڈویژنل کاٹن مینجمنٹ سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں کمشنر بہاولپور ڈویڑن ڈاکٹر احتشام انور، ڈپٹی کمشنر بہاولپور ظہیر انور جپہ،ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع) ڈاکٹر انجم علی،ڈائریکٹر جنرل زراعت (پیسٹ وارننگ) پنجاب رانا فقیر احمد، ڈائریکٹر زراعت توسیع بہاولپورجمیل غوری، ڈاکٹر اقبال بندیشہ و دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں کمشنر ملتان ڈویژن انجینئرعامر خٹک و ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب رائے مدثر عباس سمیت دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر لودھراں، وہاڑی اورخانیوال نے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
افتخار علی ساہوکی زیر صدارت بہاولپور ، ملتان کاٹن مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس
Aug 13, 2023