لاہور(کامرس رپورٹر)منصورہ میں مرکزی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی صدر چوہدری شوکت علی چدھڑ اور پنجاب وسطی کے صدر میاں رشید منہالہ نے کہا ہے کہ مہنگائی نے غریب کسانوں، مزدوروں اور سفید پوش طبقہ کو 2 وقت کی روٹی سے محروم کردیا ہے۔ بجلی، گیس، پانی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ غریبوں کی جان لے لیگا۔ ٹیوب ویلوں کو سولر سسٹم پر چلانے کیلئے حکومت آسان شرائط پر بلا سود قرض دے۔ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے کسان بورڈ کے زیر انتظام کامیاب ہنر مند نوجوان اور خوشحال کسان پروگرام جلد شروع کیا جائے گا۔اس حوالے سے لاہور اور اسلام آباد میں کنونشن منعقد کیا جائے گا۔جس میں ہزاروں کسان شرکت کریں گے۔نائب صدر کسان بورڈ نور الٰہی تتلہ اور سیکرٹری جنرل سید وقار حسین رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ74سالوں میں آنے والی ہر حکومت نے ہمیشہ غریبوں، مزدوروں، کسانوں کو خوشحال بنانے کے نام پر ووٹ لیا لیکن عوام کو دھوکے کے سوا کچھ نہیں ملا۔صنعتیں بند ہو رہی ہیں، ذرخیز زرعی زمینیں سوسائٹیوں میں تبدیل ہو رہی ہیں،جس کی وجہ سے فضائی آلودگی میں بے حد اضافہ ہورہاہے۔
مہنگائی نے کسانوں ، مزدوروں کو2 وقت کی روٹی سے محروم کردیا :شوکت علی چدھڑ
Aug 13, 2023