کلرسیداں(نامہ نگار) عالم دین مولانا فاروق الحسن قادری نے کلرسیداں کے گاؤں بگلہ راجگان میں منعقدہ شہدائے کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت آج تک واقعہ کربلا کو اس کی روح کے مطابق سمجھ ہی نہ سکی،کربلا کے واقعات کسی بڑے سانحہ سے کم نہیں مگر امام عالی مقام حضرت امام حسین رض نے بیعت یزید سے اس وقت انکار کیا تھا جب وہ کسی محاصرے میں تھے نہ ہی ان کا پانی بند تھا۔انہوں نے کہا کہ امت بس اتنا جانتی ہے کہ یزیدی فوج نے کربلا میں امام حسین کو محاصرے میں لے کر پانی بند کیا کنبے اور ساتھیوں کو شہید کرکے خیموں کو آگ لگا دی مگر امت یہ مت بھولے کہ نواسہ رسول نے اس وقت بیعت یزید سے انکار کیا تھا جب وہ مدینہ میں تھے اس وقت وہ کسی فوج کے محاصرے میں تھے نہ کسی نے ان کا پانی بند کیا تھا مگر امام حسین سمجھتے تھے کہ جس منبر پر پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیؐ اور ان کے خلفائے راشدین حضرت ابوبکر صدیق ؓ،حضرت عمر ؓ،حضرت عثمان ؓاور حضرت علی شیرخدا رض بیٹھ کر مملکت اسلامیہ کو چلاتے رہے۔