واشنگٹن‘ کیف (این این آئی+ آئی ا ین پی) یوکرائنی حکام نے ملک بھر میں فضائی حملوں کی وارننگ جاری کیے جانے کے بعد دارالحکومت کیف میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کیف کے میئر وٹالی کلِچکو نے رہائشیوں پر زور دیاہے کہ وہ فضائی حملوں سے بچنے کے لیے پناہ گاہوں میں رہیں۔ انہوں نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ "شہر میں شدید دھماکے ہو رہے ہیں۔ شہری پناہ گاہوں میں رہیں"۔ میزائل کے ٹکڑے شہر میں بچوں کے ہسپتال پر گرے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کیف کے حکام نے کہا کہ فضائی دفاع کام کر رہا ہے اور فضائیہ نے اطلاع دی ہے کہ روس نے کیف کے علاقے میں ہائپر سونک میزائل داغے ۔یوکرینی پبلک براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے وینیٹسیا اور خمیلنٹسکی علاقوں میں دھماکوں کی اطلاع دی۔ خمیلنٹسکی کے ایک اہلکار نے کہا کہ خطے میں فضائی دفاع اپنا کام کر رہا ہے۔ دوسری طرف روسی ایمرجنسی سروس نے ماسکو کے ونوکوفو ہوائی اڈے پر فضائی آپریشن بند کرنے اور ٹیک آف اور لینڈنگ آپریشن معطل کرنے کا اعلان کیا۔ جبکہ امریکی سیاسی جماعت ری پبلکن نے صدربائیڈن کو یوکرین کے لیے24 ارب ڈالر امداد کی نئی درخواست واپس لینے کیلئے خط لکھ دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ری پبلکن کے رکن ڈیوڈسن نے امریکی صدر جوبائیڈن کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی ختم نہ ہونے والی پراکسی جنگ کو سپانسرکرتے کرتے تھک گئے ہیں جب تک کانگریس یوکرائن کی امداد کیلیے حکمت عملی نہیں بنا لیتی اس وقت تک صدر جوبائیڈن پیکج واپس لیں۔ خط میں 12 ارکان کانگریس نے کیف کے لیے24 ارب ڈالر امدادکی درخواست کی مخالفت بھی کی ہے۔ دوسری جانب یوکرائن میں رشوت لینے کے الزام میں اعلیٰ فوجی افسران کو برطرف کر دیا گیا۔ یوکرائنی صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ فوج میں بھرتی کیلئے رشوت لینے پر تمام چوبیس ریکروٹمنٹس چیف کو برطرف کر دیا گیا ہے۔