اسلام آباد (خبرنگار) مسلم لیگ (ن)کے سینیٹر عرفان صدیقی نے سپریم کورٹ (ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈرز)ایکٹ 2023 ء کو سپریم کورٹ کی طرف سے کالعدم قرار دئیے جانے کے فیصلے سے پیدا ہونے والی صورت حال پر فوری طور پر غور کرنے کے لئے سینٹ میں تحریک التوا جمع کرادی ہے۔ تحریک التوا سینٹ کے رولز آف پروسیجر کے رول 87کے تحت جمع کرائی گئی ہے۔ سات نکات پر مبنی تحریک التوامیں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے منظور کردہ اور صدر پاکستان کے توثیق شدہ قانون کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ جاری کر دیا ہے، جس پر فوری غور کیا جانا چاہیے۔