گجرات (نامہ نگار) نیب لاہور نے محکمہ ہائی وے کے 8سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور ایک سب انجینئر کا گھر بھی سیل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گجرات میں 1کھرب کے قریب میگا پراجیکٹس کا کام شروع کیا گیا تھا جن میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی اور اربوں روپے لیکر کئی ٹھیکیدار بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں۔ گرفتار ہونے والوں میں ایس ڈی او خالد چھٹہ، ایس ڈی او اشفاق وڑائچ، ایس ڈی او کھاریاں سرکل راٹھور، سب انجینئر نعیم اور عامر شامل ہیں جبکہ ایس ای ہائی وے مہر عظمت پہلے ہی بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں اور موجودہ ایکسئین ہائی وے بھی 3ماہ کی چھٹی لے گئے ہیں۔ اس کرپشن میں گجرات کے اہم سیاستدانوں کے نام آ رہے ہیں اور ایک مقدمہ میں سابق ایم این اے چوہدری وجاہت حسین کے دست راست چوہدری فاروق کلاچور پہلے ہی وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں، اس وقت محکمہ ہائی وے کے دفاتر ویران ہیں اور وہاں خوف کے ڈیرے ہیں سب سے زیادہ ٹھیکے شیخ اقبال عرف شیخ بالی اور اس کے بیٹے نے حاصل کئے اور ان کا کام ایک عام بندہ بھی دیکھ سکتا ہے کہ کتنا غیر معیاری ہے۔ نیب لاہور کی جانب سے 15سے زائد افراد کی گرفتاری متوقع ہے۔