کیرتھر نیشنل پارک زمین کا ایک انچ بھی کسی کو نہ دیا جائے:سندھ ہائیکورٹ

کراچی(این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے ضلع ملیر میں کیرتھر نیشنل پارک کو ختم کرکے ہائوسنگ اسکیم بنانے کیخلاف درخواست پر چیف سیکریٹری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو ضلع ملیر میں کیرتھر نیشنل پارک کو ختم کرکے ہائوسنگ اسکیم بنانے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ کیرتھر نیشنل پارک کی زمین ایک بڑے بلڈر کے حوالے کی جارہی ہے، کیر تھر نیشنل پارک کی زمین پر گرین ہائوسنگ اسکیم بنائی جارہی ہے، نیشنل پارک ختم ہونے سے نایاب جانور بھی ختم ہونے کا خدشہ ہے، ہاسنگ اسکیم سے جنگلی حیات اور قدرتی ماحول بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔چیف سیکریٹری کی جانب سے جواب جمع نا کرانے پر چیف جسٹس برہم ہو گئے، عدالت نے چیف سیکریٹری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، عدالت نے ریمارکس دیے کہ چیف سیکریٹری خود پیش ہوکر وضاحتی بیان دیں اور جواب جمع کرائیں، عدالت نے کیرتھر نیشنل پارک کی زمین بلڈر کو دینے کیخلاف حکم امتناع میں توسیع کردی۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیرتھر نیشنل پارک کی زمین کا انچ حصہ بھی کسی کو نہیں دیا جائے، عدالت نے سماعت اگست کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی۔

ای پیپر دی نیشن