اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان سے ہرڈن ورجینیا کونسل کی رکن نائلہ عالم نے ملاقات کی اور ہرڈن میں 14 اگست 2023 کو یوم آزادی پاکستان کے طور پر منانے کا اعلامیہ پیش کیا۔ تفصیلا ت کے مطا بق ملاقات سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں ہوئی۔اس اعلان پر ہرڈن، ورجینا کی میئر شیلا اے اولم نے دستخط کیے تھے۔ نائلہ عالم پہلی پاکستانی ہیں جو دو بار ٹاؤن کونسل ہرڈن، ورجینیا کے لیے منتخب ہوئیں۔سفیر مسعود خان نے نائلہ عالم کو ان کی کاوشوں کے ثمرات پر مبارکباد پیش کی جس سے ان کی اپنے وطن سے گہری محبت واضح طور پر ظاہر ہوتی ہے۔ نائلہ عالم کو ان کے بروقت اقدام پر مبارکباد دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ اس اعلان سے پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور نچلی سطح پر ملک کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کمیونٹی کے لیے محترمہ عالم کی خدمات کو بھی سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پاکستان اور دونوں اقوام کی مشترکہ اقدار کے بارے میں زیادہ سے زیادہ تفہیم پیدا کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔