اسلام آباد (خبر نگار) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک اور قوم کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ پاکستان کی موجودہ آبادی میں نوجوانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے، جس ملک کی زیادہ تر آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہو اسے ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ پاکستانی نوجوانوں کو سازگار ماحول فراہم کر کے ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ ہمارے ملک کا مستقبل مضبوط ہاتھوں میں ہے۔