اسلام آباد‘ جنڈ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ قائداعظم نے 77 سال پہلے ہی بھانپ لیا تھا کہ بھارت میں اقلیتیں غیرمحفوظ ہیں۔ ہم نے کسی کی جنگ میں پڑ کر نقصان اٹھایا۔ صدر نے شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود کے گھر جا کر تعزیت کی۔ آصف علی زرداری نے کہا ہے 70ء کے بعد ہمیں تقسیم کیا گیا، ہمیں کمزور کر کے پڑوسی ملک کی جنگ میں جھونک دیا گیا، یہ کسی کی غلطی نہیں ہے یہ ہماری اپنی غلطی ہے، ہم نے اس کے اثرات کو نہیں دیکھا، مدارس ہیں جہاں پر اپنا اپنا مذہب پڑھایا جا رہا ہے، اپنی اپنی تشریح پڑھائی جا رہی ہے، قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کو کچھ سیاسی پوائنٹس کی بنیاد پر بنایا تھا، بانی پاکستان نے 70 سال پہلے مودی کو دیکھا تھا، آج بھارت اقلیتوں کے لیے محفوظ جنت نہیں ہے۔ آج غزہ میں گرنے والا میزائل یہ نہیں دیکھ رہا کہ سامنے والا مسیحی ہے یا مسلمان، آپ کو لگتا ہے کہ غزہ میں مسیحی نہیں تو آپ غلط ہیں، سیاست میں مسیحی بھی قربان ہورہے ہیں۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار اقلیتوں کے دن کے حوالہ سے پیر کو یہاں ایوان صدر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ میری آئینی ذمہ داری ہے جس کا میں نے حلف لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر اقلیتوں کے دن کو منانے کا مقصد پاکستان میں بسنے والی مختلف مذہبی اقلیتی برادریوں کے افراد کی گرانقدر خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔ قومی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کی مساوی شہری ہیں، انہیں بھی ترقی کا اتنا ہی حق ہے جتنا دیگر شہریوں کو حاصل ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ انسانیت کے دکھ اور معاشرے کے کمزور طبقات کے درد کو محسوس کیا اور یہاں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مناسب احترام اور مقام دیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے سندھ کے مشہور صوفی شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی کا ایک شعر بھی سنایا۔ صدر نے اقلیتوں کے لیے مختلف سرکاری محکموں میں میرٹ کی بنیاد پر ملازمتوں کے مواقع بڑھانے کے علاوہ موجودہ ملازمتوں کے کوٹہ میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ تحریک پاکستان کے واقعات کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے آبائو اجداد نے تحریک پاکستان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بسنے والے تمام لوگوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے اور وہ پیار، رواداری، امن اور بھائی چارے کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔ اسلامی تعلیمات میں بھی ایسے حقوق پر زور دیا گیا ہے۔ آرچ بشپ راولپنڈی اور اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد، ہندو برادری کے نمائندے ہارون سرب دیال، سکھ برادری کے نمائندے سردار گرپال سنگھ، بہائی برادری کی نمائندہ ڈاکٹر سیما فرزاد اور رکن قومی اسمبلی اور پارسی برادری کے نمائندے اسفند یار ایم بھانڈا نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کی لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید کے گھر آمد، شہید کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ عزیر شہید نے خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، پوری قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے۔
صدر کی شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود کے گھر جاکر تعزیت بھارت میں اقلیتیں غیر محفوظ زرداری
Aug 13, 2024