اسلام آباد(خبر نگار خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو وسائل مہیا کرنے سے ملکی ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا، 10 لاکھ طلباء کو سمارٹ فونز دیں گے، پاکستان کی اقتصادی بحالی اور ترقی و خوشحالی کے منصوبے کا جلد اعلان کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم نوجوانان کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے دولت مشترکہ ایشیاء یوتھ الائنس کے سیکرٹریٹ، ڈیجیٹل لرننگ پورٹل، گرین یوتھ موومنٹ، اے آئی فار یوتھ اور قومی رضاکار کور کے اجراء کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ یوم آزادی کی بھی آمد آمد ہے،اب پورے پاکستان کے نوجوانوں کا خادم بن کر خدمت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہی ملک کی قسمت بدل سکتے ہیں، ان نوجوانوں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے، مصنوعی ذہانت دنیا میں سب سے جدید تعلیم کا ہتھیار ہے، چین نے جدید علوم کے ذریعے ملک میں انقلاب برپا کیا، اگر ہم اسی راستے پر نوجوان نسل کو وسائل فراہم کریں تو ملک میں نوجوان نسل خوشحالی کا ایسا انقلاب لائے گی جس سے یوم آزادی کے تقاضے پورے ہوں گے، نوجوانوں کو ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکولوں میں پسماندہ علاقوں کے بچوں نے تعلیم حاصل کی، پاکستان کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں، 77 سال میں قرضوں کے پہاڑ بن گئے، امیر اور غریب کی زندگیوں میں بڑا فرق ہے۔نوجوان وسائل ملنے پر ملک کو عظیم بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے 10 لاکھ طالب علموں کو میرٹ اور شفافیت پر مفت سمارٹ فون دیئے جائیں گے اور اس کے علاوہ لیپ ٹاپ بھی دیئے جائیں گے۔ صوبے بھی نوجوانوں کیلئے پروگرام چلا رہے ہیں، ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو اعلیٰ تعلیم کیلئے چین بھیجا جائے گا، ان کا جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کرنا ملکی ترقی کیلئے مددگار ہو گا، ہواوے کے ساتھ مل کر 3 لاکھ بچوں کو آئی ٹی کی تربیت دی جائے گی۔ ایس ایم ایز کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے، آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں گے، پاکستان کی اقتصادی بحالی اور ترقی و خوشحالی کے منصوبے کا جلد اعلان کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی سے سبق حاصل کرکے آگے بڑھنا ہے اور ملک کی تقدید بدلنا ہے، ہماری محنت کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی کھیل ہاکی کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے، ارشد ندیم نے پاکستان کا نام بلند کیا، 40 سال بعد پاکستان کو سونے کا تمغہ ملا، مایوسی کو پس پشت ڈال کر روشنیوں کی طرف جانا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف آن لائن رجسٹریشن کرا کر قومی رضاکار کور کے رکن بن گئے، ۔ وزیراعظم نے نوجوانوں میں یوتھ ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔
وزیراعظم کا 10لاکھ طلبا ء کو سمارٹ فونز دینے کا اعلان ، نوجوان کو آگے آنا ہوگا ، وسائل قدموں پر نچھا ور کرینگے : شہباز شریف
Aug 13, 2024