لاہور(نامہ نگار) ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر نے بجلی چوری کی روک تھام اور ملزمان کیخلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے فالو اپ ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پنجاب پولیس، لیسکو اور ایف آئی اے افسران نے شرکت کی۔ ایس ایس آپریشنز لاہور تصور اقبال،شیخوپورہ اور ساہیوال ریجن کے آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس میں بجلی چوروں کیخلاف جاری کریک ڈاؤن اور گذشتہ میٹنگ میں مقرر کئے گئے اہداف کا جائزہ لیا گیا۔ پولیس اور لیسکو ٹیموں کے باہمی تعاون سے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔وقاص نذیر نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ لیسکو کی جانب سے بھجوائے گئے استغاثوں پر ایف آئی آر کا اندراج بلا تاخیر یقینی بنایا جائے۔ لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ، قصور اور ساہیوال میں بجلی چوری میں ملوث بڑے مجرمان کیخلاف بلا تفریق کاروائیاں کی جائیں۔ پنجاب پولیس کی ٹیمیں لیسکو کو بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن میں ہر ممکن معاونت فراہم کرتی رہیں گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ہدایت کی کہ بجلی چوری مقدمات کی چالان شرح کو مزید بہتر بناتے ہوئے 85 فیصد تک لایا جائے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کی زیرصدارت اجلاس،بجلی چوری کی روک تھام ،اہداف کا جائزہ
Aug 13, 2024