ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کے ذریعے تشدد، استحصال کا شکار خواتین کوریلیف ملا:آئی جی

Aug 13, 2024

لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کے ذریعے تشدد، زیادتی، استحصال کا شکار خواتین کو فوری ریلیف کی فراہمی ممکن ہوئی۔ ورچوئل وویمن پولیس سٹیشن کے ذریعے 04 ماہ میں 58500 سے زائد خواتین کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈی پی اوز ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن سے ریفر کئے جانیوالے کیسز خود مانیٹر کریں۔ فوری ایکشن لیں۔ تحفظ مراکز ٹرانسجینڈرز، معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد اور بحالی کا اہم ذریعہ ہیں۔ تحفظ مراکز کی کارکردگی مزید بہتر، متاثرہ افراد کو بھرپور مدد کی فراہمی یقینی بنائیں۔ پنجاب پولیس کمزرو طبقات کے تحفظ اور انہیں قانونی و سماجی مدد کی فوری فراہمی کیلئے کمیونٹی پولیسنگ کے اقدامات میں مزید تیزی لائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن، پولیس خدمت و تحفظ مراکز، میثاق سنٹرز، ڈسٹرکٹ وویمن پولیس کونسل کی کارکردگی سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ایس ایس پی آپریشنز سیف سٹیز اتھارٹی رفعت بخاری، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر، اے آئی جی ایڈمن ڈاکٹر رضوان خان، اے آئی جی ویلفیئر شائستہ ندیم اجلاس میں موجود تھے۔

مزیدخبریں