حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپرنٹنڈنٹ جیل حافظ آباد فرخ رشید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ جیل میں قید غریب ، نادار اور مستحق قیدیوں کو مفت قانونی معاونت فراہم کرنے کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ لیگل ایڈ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں صدر بار عمر خضر ہنجراء، کوآرڈنیٹرپی ایم صفدر ایڈوکیٹ سمیت کمیٹی کے دیگر اراکین وکلاء قمر سلیم گجر، اختیاز منیر ، ملک عثمان علی ، مزمل حسین پھلروان اور شبنم فیصل ایڈوکیٹ نے شرکت کی۔سپرنٹنڈنٹ جیل فرخ رشید کاکہنا تھا کہ حکومت پنجاب اور آئی جی جیل خانہ جات کے احکامات کی روشنی میں غریب اور مستحق قیدیوں کو مفت قانونی مدد فراہم کرنے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اور ڈسٹرکٹ جیل حافظ آباد میں قید 23غریب اور مستحق قیدیوں کو مفت قانونی مدد فراہم کرنے کے لیے انکے نام ڈسٹرکٹ لیگل ایڈ کمیٹی کو پیش کیے گئے ہیں تا کہ ان اسیران و قیدیوں کے مقدمات کی بروقت پیروی ہو سکے ۔