اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ایم کیو ایم کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی اور جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل اویس نورانی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ دونوں ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، ملک کی مجموعی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے کو فروغ اور بین المسالک اتحاد و اتفاق پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور خالد مقبول صدیقی کی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ریاستی اداروں کے خلاف شرانگیز پروپیگنڈا کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ریاستی ادارے پاکستان کا قابل فخر اثاثہ ہیں۔ اداروں کے خلاف منظم پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کا رویہ ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو اداروں کے خلاف منفی مہم چلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کی خاطر سب کو باہمی اتحاد اور اتفاق سے چلنے کی ضرورت ہے۔ محسن نقوی نے جے یو پی کے سیکرٹری جنرل اویس نورانی سے ملاقات کے دوران کہا کہ جے یو پی نے ہمیشہ پاکستان کی بات کی ہے، پاکستان کی خاطر سب کو ایک ہو کر آگے بڑھنا ہے۔ مثبت سوچ اور اتفاق سے ملک کو بھنور سے نکالنا ہے۔ اویس نورانی نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں آپ کے ساتھ ہیں۔