غزہ (نوائے وقت رپورٹ) خان یونس میں ملٹری آپریشن کے لیے جانے والی اسرائیلی فوج کے پیراشوٹ بریگیڈ کو حماس کی جانب سے شدید اور غیر متوقع مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خان یونس کے علاقے میں جھڑپ کے دوران حماس کے مْشاق اسنائپر کی فائرنگ میں اسرائیلی فوج کا ایک اہلکار مارا گیا۔دوسری جانب اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے امدادی تنظیم کے 3 پیرا میڈیکل اسٹاف شہید ہوگئے۔ تینوں طبی کارکنان فلسطینی شہری تھے اور زخمیوں کے علاج میں مصروف تھے۔اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ غزہ کے علاقے خان یونس میں حماس کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں مارے گئے سارجنٹ کی شناخت 19 سالہ عمر گنزبرگ کے نام سے ہوئی۔اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اہلکار کریات ٹیون کے پیرا ٹروپرز بریگیڈ کی 101 ویں بٹالین میں تعینات تھے اور ایک فوجی کارروائی کے لیے خان یونس گئے تھے۔