وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس، زرعی بنک، این ٹی ڈی سی میں اہم تقرریوں کی منظوری 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں سرکاری تحویل کے کاروباری اداروں کے بارے میں ایک اجلاس ہوا جس میں زرعی ترقیاتی بینک اور این ٹی ڈی سی میں آزاد ڈائریکٹر اور چیئرمین بورڈ کے مناصب  کے  امیدواروں کی تقرری کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن کو ضروری ادارہ قرار دینے کی سمری کو منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی فاؤنڈیشن کے بارے میں نظرثانی شدہ پلان پیش کیا جائے۔ وزیر خزانہ سے پیپسی کولا کے سی ای او،  وفد کے دوسرے ارکان نے  ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے وفد کو پاکستان کے معاشی ترقی کے بارے میں آگاہ کیا اور ان کو ملک کی مستحکم کرنسی  اور افراط زر میں کمی، آئی ایم ایف کے ساتھ  سمجھوتہ، ٹیکسیشن سمیت مختلف شعبہ جات میں ہونے والی اصلاحات  کے  بارے میں آگاہ کیا۔ وفد نے پاکستان کے مثبت انڈیکیٹرز کی تعریف کی۔ چینی ناظم الامور نے اپنے ملک کی حکومت کی طرف سے پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے حمایت کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے  ایف بی آر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، بورڈ کے ممبران اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر نے ایف بی آر کے سابق چیئرمین ملک امجد زبیر ٹوانہ کی خدمات بالخصوص بجٹ سازی کے عمل اور آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں ان کے کردارکو سراہا۔ انہوں نے نئے تعینات ہونے والے چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کو خوش آمدید کہا۔

ای پیپر دی نیشن