لاہور (خصوصی نامہ نگار) امام مسجد نبوی فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر حفظہ اللہ نے گذشتہ روز نماز بادشاہی مسجد میں نماز مغرب کی امامت کرائی اور دعا بھی کی۔ اس موقع پر رویت ہلال کمیٹی کے چیئر مین و خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد بھی موجود تھے۔ امام مسجد نبوی شریف نے عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کروائی۔ فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر حفظہ اللہ نے مقبوضہ کشمیر، غزہ اور فلسطین کی آزادی کے لئے بھی خصوصی دعا کی۔ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کا میرے ساتھ بے پناہ اپنائیت و محبت اور عزت و احترام کا اظہار میرے لیے باعث فخر اور اعزاز ہے۔ شہریوں کی جامہ تلاشی کے علاوہ انہیں میٹل ڈیٹیکٹر سے چیک کرنے کے بعد واک تھرو گیٹس سے بھی گزارا گیا۔ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے گورنر ہاؤس میں گورنر سلیم حیدر سے بھی ملاقات کی۔ گورنر نے کہا آپ کا آنا ہمارے لئے باعث اعزاز ہے۔ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے گورنر ہاؤس میں نماز ظہر کی امامت بھی کی۔