190 ملین پائونڈز ریفرنس، تفتیشی  افسر پر جرح نہ ہو سکی، سماعت ملتوی  

Aug 13, 2024

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں تفتیشی افسر پر جرح نہ ہو سکی اور سماعت ملتوی کردی گئی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت کی، جس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو پیش کیا گیا۔سماعت میں نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور امجدپرویز ٹیم کے ساتھ پیش ہوئے جب کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر، عثمان گل اور ظہیر عباس چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت میں نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر آج بھی جرح نہیں ہوسکی۔ اس دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس سے متعلق درخواست عدالت میں دائر کردی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے 23 اپریل 2020ء کو بورڈ میٹنگ میں 190 ملین پاؤنڈز کو کمپلینٹ ویری فکیشن کی سطح تک کلوز کردیا تھا۔ نیب کی بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے۔نیب حکام نے عدالت کوبتایا کہ ریفرنس نئے شواہد کی بنیاد پر فائل کیا گیا ہے۔ 2020ء کی ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا تفتیشی کے بیان پر جرح سے کوئی تعلق نہیں، جس پر عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی درخواست خارج کردی۔بعد ازاں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت 15 اگست تک ملتوی کردی گئی۔

مزیدخبریں