وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کو ملاقات کے لیے بلا لیا جبکہ حکومت کی جانب سے ارشد ندیم کے لیے انعام کا اعلان متوقع ہے۔ اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، اس دوران وزیراعظم کی جانب سے ارشد نعیم کے لیے انعام کا اعلان کیا جائے گا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم ارشد ندیم کی بہترین کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ارشد ندیم کے اعزازمیں آج شام استقبالیہ دیا جائے گا، تقریب میں سابق اولمپینز وفاقی وزراء اور اعلی حکام شرکت کریں گے۔یاد رہے کہ ارشد ندیم 10 اگست کو فرانس اولمپک جیولن تھرو میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتے تھے۔دوسری جانب قومی ہیرو ارشد ندیم کو مبارکباد دینے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا آج میاں چنوں جانے کا امکان ہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز قومی ہیرو ارشد ندیم کی خدمات کو سراہنے کے لیے آج ان کے گھر میاں چنوں جائیں گی۔ذرائع کے مطابق مریم نواز آج میاں چنوں کے نواحی علاقے 101 پندرہ ایل میں ارشد ندیم سے ملاقات کریں گی اور ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کریں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب ارشد ندیم کو 10 کروڑ روپے کا چیک دیں گی اور قومی ہیرو کے نام سے میاں چنوں میں منسوب مختلف منصوبوں کا اعلان بھی کریں گی۔
وزیراعظم نے پیرس اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جیتنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کو ملاقات کے لیے بلا لیا۔
Aug 13, 2024 | 12:09