پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو تقسیم کر کے تین ذیلی محکمے قائم کر دیے گئے ۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو تقسیم کرتے ہوئے 3 نئے محکمے قائم کردیے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ریگولیٹری شعبہ جات پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا حصہ ہوں گے۔ کمرشل ایئر پورٹس کو پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کا حصہ بنا کر الگ محکمہ بنا دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق تیسرا محکمہ طیاروں کے حادثات کی تحقیقات سے متعلق بورڈ آف سیفٹی انویسٹی گیشن ہے، سیفٹی بورڈ طیاروں کے حادثات کی تحقیقات کرے گا۔سول ایوی ایشن، ائیرپورٹس اتھارٹی، بورڈ آف سیفٹی انویسٹی گیشن کے قیام کے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کردیے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ فلائٹ اسٹینڈرڈ، پائلٹ لائسنسنگ، ایروڈروم ایئر اسپیس سول ایوی ایشن اتھارٹی کا حصہ ہوں گے جبکہ ایئر وردی نیس، ایئر ٹرانسپورٹ، ایرومیڈیکل بھی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا حصہ ہوں گے، ملک بھر کے کمرشل ایئرپورٹس بھی پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی میں شامل ہیں۔ نئے محکموں کے قیام کے بعد ایئر پورٹس کی صورت حال میں بہتری کی توقع کی جارہی ہے۔