خوشی ہو گی کہ  پاکستانی پولیس افسران باقاعدہ برطانیہ میں ٹریننگ حاصل کریں: وزیر داخلہ

Aug 13, 2024 | 17:34

ویب ڈیسک

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ  برطانیہ کے ساتھ بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لندن میں برطانیہ کی وزیرداخلہ یوویٹ کوپر  سے ملاقات کی۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے برطانوی وزارت داخلہ کا منصب سنبھالنے پر یوویٹ کوپر کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور  کریمنلز مقدمات میں قانونی معاونت پر بات چیت  سمیت موثر بارڈر مینجمنٹ اور غیر قانونی امیگرنٹس کے سدباب کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پاکستانی پولیس افسران کی برطانیہ میں ٹریننگ کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا  خوشی ہو گی کہ  پاکستانی پولیس افسران باقاعدہ برطانیہ میں ٹریننگ حاصل کریں۔   اس ضمن میں برطانیہ کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن سے نمٹنے کے لیے باہمی اشتراک کار بڑھانا ضروری ہے۔   ترقی یافتہ ممالک اور ترقی پذیر ممالک کو اس حوالے سے مشترکہ اقدامات اٹھانے چاہئیں۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ برطانیہ کے ساتھ بارڈر مینجمنٹ، کریمنلز مقدمات میں لیگل معاونت اور غیر قانونی امیگریشن سے نمٹنے کے حوالے سے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

مزیدخبریں