پنجاب حکومت مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے سولر پینل مہیا کرے گی: وزیر اعلیٰ پنجاب

Aug 13, 2024 | 18:05

ویب ڈیسک

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے وفاقی وزیر برائے نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ملاقات میں لاہور کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور نجکاری سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے فیلڈ اسپتال، کلینک آن ویلز اور پہلی ایئر ایمبولینس کی لانچنگ پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو مبارکباد دی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں 600 سے زائد سڑکوں کی تعمیر و توسیع کا پراجیکٹ کی تکمیل سے عوام کو سہولت ہوگی.پنجاب میں پانچ بڑی ایکسپریس ویز بناکرشہروں کو ایک دوسرے سے منسلک کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ روڈز کی تعمیر، توسیع و مرمت علاقے کے عوام کے لئے خوشحالی کا پیغام لاتی ہے. پنجاب حکومت مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے سولر پینل مہیا کرے گی. لاہور میں نواز شریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ میں غیر ملکی اداروں کے دلچسپی خوش آئند ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی پرفارمنس قابل تحسین ہے۔

مزیدخبریں