وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائے بغیر دم نہیں لیں گے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا .جس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو، چیف سیکرٹری بلوچستان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں آئی جی پولیس بلوچستان اور ڈائریکٹر جنرل لیویز فورس نے شرکاء کو بریفنگ دی، محکمہ داخلہ کی جانب سے امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔دوران اجلاس مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے پر حکام نے شرکاء کو بریفنگ دی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو مستونگ واقعے کی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائے بغیر دم نہیں لیں گے، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ فوج اور سرمچاروں کی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی ہے، لیویز فورس ماضی کی طرح فعال کردار ادا کرتے ہوئے ملوث عناصر تک پہنچنے کی تگ و دو کرے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کسی بھی واقعے میں فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دہشت گردوں کا پیچھا کیا جائے، تخریب کاری سے نمٹنے کیلئے پولیس اور لیویز کو مضبوط کریں گے۔انہوں نے کہا کہ لیویز فورس کو ضروری سازو سامان اسلحہ اور گاڑیاں دی جائیں گی. ہر سطح پر دہشت گردوں کا مقابلہ کرکے انہیں پسپا کریں گے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے، سوشل میڈیا کو دہشت گردی کے ٹول کے طور پر استعمال نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردوں کے خلاف جنگ کسی ایک ادارے کی نہیں پوری قوم کی جنگ ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائے بغیر دم نہیں لیں گے: وزیر اعلیٰ بلوچستان
Aug 13, 2024 | 23:52